اصل امتحان

نجی اور سرکاری سکولوں کے طلبہ کو یکساں مواقع دینے کے لئے مشترکہ امتحانی ہالز کے قیام کا فیصلہ احسن قدم ہے سیکرٹری ایجوکیشن کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے منٹس کے مطابق نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے کسی بھی غیر منصفانہ طرز عمل سے پاک ایک منصفانہ اور شفاف امتحانی نظام کو فروغ دینے کو یقینی بنانے کے لئے تعلیمی نظام کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا گیااور پرائیویٹ سکولوں اور سرکاری سکولوں دونوں کے طلبہ کے لئے مخلوط امتحانی مراکز کی تجویز پیش کی گئی۔ تفصیلی بحث کے بعد دلائل اور جوابی دلائل،قانونی موقف اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مخلوط ہالز کے قیام سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔علاوہ ازیں مائیگریشن کے حوالے سے بھی فیصلہ اہم ہے ان مجوزہ اقدامات پرعملدرآمد کے بعد نجی سکولوں پر ہال خریدنے اور کمزور طالب علموں سے اضافی رقم لے کر اس کے استعمال کے حوالے سے بھی الزامات میں کمی آئے گی البتہ اس مخلوط ہال میںامتحان دینے کو تمام چھوٹے بڑے اور خاص طور پر شہرت کی حامل سکولوں کے برانچوں کے حوالے سے یقینی بنانا ہو گا اور کوئی ایسی صورت اور عذر باقی نہیں رہنے دیا جائے جس کی آڑ لے کرمخصوص سکول اپنے ہالز اور مطلوبہ ممتحنین کی خدمات حاصل کرسکیں جس کا معمول ہے ۔اصولی طور پر علیحدہ ہالز اور نجی وسرکاری سکولوں کے طلبہ کا علیحدہ علیحدہ مراکز میںامتحانات کی روایت ہی ختم ہونی چاہئے نجی و سرکاری سکولوں کے طلبہ کو بلا امتیاز ان کے قریبی سرکاری و نجی سکولوں کے ہالز میں مشترکہ مراکز قائم ہوں جہاں کسی کو امتیاز حاصل نہ ہو اور نہ ہی اس امر کا قبل از وقت علم ہو کہ کس طالب علم کا مرکز کہاں ہوگاسکولوںکے حوالے سے تواس کی گنجائش بھی نہیں ہونی چاہئے تاکہ من پسند امتحانی ہال اورملی بھگت دونوں مشکل ہوںچونکہ نجی سکولوں کو معیار اور اپنے طلبہ کی قابلیت کا دعویٰ ہے ایسے میں ان کی جانب سے اس فیصلے پر کسی اعتراض اور اگرمگر کی گنجائش نہیں جبکہ جوالزامات ہالز اور ممتحنین کے حوالے سے سرکاری سکولوں کے طلبہ کی جانب سے نجی سکولوں کے طلبہ پر لگانے کاعمل ہے اس سے اس غلط فہمی کا بھی خاتمہ ہوگا اس طرز امتحان کے باعث نجی سکولوں کے طلبہ ممتاز نمبر لے کرکامیاب ہوں گے تو ان کو اس کا حقیقی حقدار بھی تسلیم کیا جائے گا اور نظام امتحانات میںمداخلت اور ان کی شفافیت و جانبداری کے الزامات میں بھی کمی آئے گی۔

مزید پڑھیں:  کیا بابے تعینات کرنے سے مسائل حل ہوجائیں گے