انوار الحق کاکڑ

وسائل اور اخراجات میں عدم توازن ہمارا بڑا مسئلہ ہے، انوار الحق کاکڑ

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق بھی ہو، عالمی سطح پر ممالک کے مابین مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف ہوتا رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی، پہلے ہمارے پڑوس میں روس پھر امریکا موجود رہا، جغرافیائی اعتبار سے عالمی طاقتوں کی پڑوس میں موجودگی کا ہم پر گہرا اثر ہوا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاکستانی دنیا میں جہاں کہیں بھی رہیں یہ چیلنج ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین موقع بھی ہے، یہ لوگ بیرون ملک جاتے ہیں اور معاشرے میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کے ساتھ اپنی فیملیز کے لیے زرمبادلہ کماتے ہیں جس سے ہم بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اچھے مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جانا کوئی بری بات نہیں، 60 اور 70 کی دہائی میں بھارت سے پڑھے لکھے نوجوان باہر گئے اور 30 برس بعد وہی لوگ اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہمارے وسائل اور اخراجات میں توازن نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام میں بحرانوں پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، دعا ہے کہ ہمارے نوجوان جہاں بھی جائیں کامیاب رہیں۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں اور یہی ڈاکٹر امریکی معاشرے میں ہماری پہچان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی معاشرہ ایک متنوع حیثیت کا حامل ہے، گزشتہ 200 برسوں میں امریکا نے زبردست ترقی کی۔ باقی ملکوں کیلئے امریکی ترقی سیکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ: سرکاری و نجی عمارتوں کے باہر تجاوزات ہٹانے کا حکم