انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی حجاب پر پابندی کی مخالفت

ویب ڈیسک: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ پیرس 2024ء کے اولمپک گیمز کے اتھلیٹس ولیج میں اتھلیٹس کسی پابندی کے بغیر حجاب پہن سکیں گی۔ ذرائع کے مطابق اولمپکس انتظامیہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا جب چند روز قبل ہی فرانسیسی وزیر کھیل نے کہا تھا کہ پیرس اولمپکس میں فرانسیسی اتھلیٹس کے حجاب پہننے پر پابندی ہوگی تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہمیں فرانس کی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سلسلے میں فرانسیسی اولمپک کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
فرانسیسی وزیر کھیل ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکولرازم کے اصولوں کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے فرانسیسی اتھلیٹس کو پیرس گیمز کے دوران حجاب پہننے سے روک دیا جائے گا۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ اولمپک ولیج میں آئی او سی قوانین لاگو ہوتے ہیں لہٰذا حجاب یا کوئی اور مذہبی یا ثقافتی لباس پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے تقریباً 10ہزار اتھلیٹس میں سے اکثر اولمپک ولیج کے اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں اور ڈائننگ ہالز اور تفریحی مقامات سمیت کئی جگہوں پرایک ساتھ نظر آتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  حالیہ بارشوں کے دوران ریسکیو1122الرٹ،اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ