او آئی سی

کشمیر میں انسانی حقوق کی صوتحال تشویشناک ہے‘ او آئی سی

ویب ڈیسک :اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل براہم طحہٰ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی صوتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کی دوٹوک اور واضح حمایت کا اعادہ کیا ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کے نئے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے براہم طحہٰ کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ‘او آئی سی اپنے مختلف اجلاس کے ذریعے جموں و کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
تقریب میں او آئی سی کے سینئر افسران، رکن ممالک کے مستقل نمائندوں، سفارت کاروں اور جدہ میں سفارتی کور کے حکام، کشمیر کمیٹی جدہ کے ارکان اور پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر فواد شیر اور قونصل جنرل خالدمجید نے خطاب میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں تاکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال غزہ کی جنگ کے پس منظر میں جہاں بے گناہ فلسطینی اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں بدترین انسانیت کے خلاف جرائم کا مقابلہ کر رہے ہیں، یہ دن دو گنا درد اور غم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  2050تک خیبر پختونخوا کی آبادی 78ملین تک بڑھ جانے کا امکان