دہشتگردی کے خاتمے تک

دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی شرپسند قوتوں کو ملک کی معاشی و انسانی ترقی سے تکلیف پہنچ رہی ہے، قوم کی حمایت سے خوارج کے خلاف پوری طاقت سے آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا، دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور انہیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی جبکہ نگران وفاقی وزیر داخلہ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، اہم صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم ظاہرکرتے ہیں، دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کار وں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشت گرد اوران کے سہولت کارپاکستان اوراس کے عوام کے دشمن ہیں، بدی کی طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپورطاقت کاسامناکرتی رہیں گی، ریاست اور سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا.
آرمی چیف کا کہنا تھاکہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کیلئے مکمل پرُعزم ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
جنرل عاصم منیر نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے زخمیوں، شہداکے لواحقین کویقین دلایا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کوبخشا نہیں جائے گا.

مزید پڑھیں:  سی پیک پر کام کرنیوالے چائنیز و دیگر غیر ملکیوں کیلئے ایس او پیز میں تبدیلی