ایرون فنچ نے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

آسڑیلوی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر ایرون فنچ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، فنچ نیوزی لینڈ کیخلاف جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آج ہونے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آخری مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں جلوہ گر ہونگے تاہم ایرون فنچ جو آسڑیلیا کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ جاری رکھیں گے اور آئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرینگے، آسڑیلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگا، اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ کا سفر انتہائی شاندار رہا، میں خوش قسمت ہوں کہ دنیا کی بہترین ون ڈے کرکٹ ٹیم کا رکن رہا ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ آسڑیلیا، اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور میدان سے باہر ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے میری ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے

مزید پڑھیں:  قومی ویمن کرکٹر و سابق کپتان بسمہ معروف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ ذمہ داری کسی نئے نوجوان کھلاڑی کے سپرد کی جائے تاکہ وہ آئندہ ہونے والے عالمی کپ کیلئے آسڑیلوی ٹیم کو تیار کرے، ایرون فنچ کی رواں سال ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی اچھی نہ رہی انہوں نے کھیلے گئے تیرہ میچوں میں صرف 169 رنز سکور کئے جبکہ گزشتہ بارہ ون ڈے میچوں میں سے پانچ مرتبہ انہیں صفر پر پویلین لوٹنا پڑا، گزشتہ سال میچوں میں فنچ صرف چھبیس رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میرا ہدف تھا کہ میں ورلڈ کپ 2023 کھیلوں گا مگر زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کے دوران مجھے احساس ہوا کہ یہ میرے لئے اب مشکل ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر کے اختتام کے قریب ہوں اور میرا ہدف اس وقت اپنے ہوم گرائونڈ پر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا کامیابی سے دفاع کرنا ہے، ایرون فنچ نے ون ڈے کیریئر میں 5400 رنز سکور کئے ہیں جس میں 17 سنچریاں شامل ہیں

مزید پڑھیں:  ویسٹ انڈیز کیخلاف کھلاڑی پلان کے مطابق نہ کھیل سکے، ہیڈ کوچ

آسڑیلیا کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے والوں کی فہرست میں فنچ کا نمبر چوتھا بنتا ہے، پہلے نمبر پر رکی پونٹنگ ہیں 29، دوسرے پر ڈیوڈ وارنر 18 اور تیسرے نمبر پر مارک وا 18 سنچریوں کے ساتھ موجود ہیں، ایرون فنچ اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز میلبورن میں سری لنکا کیخلاف 2013 میں کیا تھا اور اسی سال انہوں نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری سکور کرتے ہوئے 148 رنز بنائے تھے ان کا ون ڈے کرکٹ میں بہترین سکور 153 رنز ہے جو 2019 میں شارجہ میں پاکستان کیخلاف سکور ہوا تھا، ایرون فنچ نے پاکستان کیخلاف 49.16 کی اوسط سے رنز سکور کئے ہیں اور ان کی پاکستان کیخلاف دو سنچریاں بھی ہیں انگلینڈ کیخلاف انہوں نے سات جبکہ بھارت کیخلاف چار سنچریاں سکور کی ہیں۔