باقاعدہ ورزش مردوں سے زیادہ خواتین کیلئے فائدہ مند ہے، تحقیق

کیلیفورنیا: ایک نئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے وہ خواتین جو باقاعدگی سے ورزش کرتی ہیں، ان میں دل کی صحت مردوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں امریکی محققین نے دو دہائیوں کے عرصے پر محیط 400,000 مردوں اور عورتوں کے گروپ کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پایا کہ جو خواتین باقاعدگی سے ورزش کرتی تھیں ان میں جلد موت کے امکانات 24 فیصد کم تھے اور ان میں جان لیوا دل کے دورے، فالج یا امراض قلب کا خطرہ بھی دیگر خواتین کے مقابلے میں 36 فیصد کم تھا۔
تاہم دوسری جانب جو مرد باقاعدگی سے ورزش کرتے تھے ان میں جلد موت کا امکان 15 فیصد کم تھا اور مہلک امراض قلب کا خطرہ 14 فیصد کم تھا۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے کلینیکل ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر راج داس گپتا نے بتایا کہ دل کی بیماری امریکا میں خواتین کی موت کی سب سے بڑی وجہ ہے اور کسی بھی عمر کی خواتین کو متاثر کر سکتی ہے۔ یہ ہر پانچ میں سے ایک خاتون کی موت کی ذمہ دار ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تقریباً نصف امریکی خواتین اس بات سے ہی ناواقف ہیں کہ دل کی بیماری ان کا سب سے بڑا ’قاتل‘ ہے۔

کیٹاگری میں : صحت