برسبین ٹیسٹ دوسرے روز ہی ختم، آسڑیلیا کی 6 وکٹوں سے جیت

آسڑیلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا برسبین میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ دوسرے ہی روز آسڑیلیا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا صرف 34رنز کا ہدف آسڑیلیا کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا، تفصیلات کے مطابق آسڑیلیا کی ٹیم جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے سکور 152 رنز تمام کھلاڑی آئوٹ کے جواب میں دوسرے روز 218 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ایک بار پھر ناقص بیٹنگ کی وجہ سے صرف 99 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور آسڑیلیا کو جیت کیلئے صرف 34 رنز کا ہدف دے سکی، جنوبی افریقہ کی جانب سے کایا زونڈو 36، باوما 29 اور کیشومہارج 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اپنا سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکا، آسڑیلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے پانچ، مچل سٹارک اور سکاٹ بولینڈ نے دو دو جبکہ نتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی، 34 رنز کے تعاقب میں آسڑیلیا کی ٹیم بھی مشکلات کا شکار رہی اور اس کی پہلی تین وکٹیں صرف 19 کے مجموعی سکور پر گر چکی تھیں تاہم اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرتے ہوئے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی، جنوبی افریقہ کی جانب سے چاروں وکٹیں فاسٹ بائولر ربادا نے حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹاکرا کل ہوگا