اساتذہ غیر حاضری تنخواہ سے کٹوتی

بلا اجازت غیر حاضری پر 3800 اساتذہ کی تنخواہ سے کٹوتی کی منظوری

ویب ڈیسک :وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر سیکرٹری تعلیم معتصم باللہ شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا مانیٹرنگ میکنزم کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے 3800 اساتذہ کی بلا اجازت غیر حاضری پر تنخواہ کٹوتی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سردیوں کی چھٹیوں کے فورا بعد تمام سکولوں میں سائنسی نمائش کا انعقاد کیا جائیگا۔
اجلاس کے دوران خواتین آفیسرز کی دس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو صوبہ بھر میں طالبات کے سکولوں کے دورے کرے گی اور جن سکولوںمیں بھی لیبارٹری غیر فعال اور صفائی ستھرائی کا نظام ناقص پایا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف موقع پر معطلی کے احکامات جاری کرے گی۔اس کے علاوہ نئے تعلیمی سال کے حوالے سے جو کتابوں کی ڈیمانڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے آئی ہے اس کو ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت دوبارہ سے کراس چیک کرنے کی ہدایت دی گئی یہ عمل ایک دو دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔ جس بھی سکول کی جانب سے اب تک نئے سال کی کتابوں کی ڈیمانڈ نہیں بھیجی گئی اس کے پرنسپل کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ایک اور بڑا فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا جائے گا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ریڈی میڈ پریکٹیکل کاپی کو بین کیا گیا ہے لہذا جس بھی کتاب کی دکان پرتیار شدہ پریکٹیکل کاپی ملے اس کو ضبط کرلیا جائے اور اس دکاندار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس دفعہ بورڈز کے پریکٹیکل امتحان میں جس بچے کی ہینڈ رائٹنگ اس کی پریکٹیکل کاپی سے نہ ملتی ہوئی اس کو صفر نمبر دے کر فیل تصور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ریجنل پروفیشنل ڈویلپمنٹ سنٹرز میں ٹریننگ کے معیار کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی جس کے لئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران، متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کا اگلے ہفتے کے دن مشترکہ اجلاس ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں طلب کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  دھمکیوں کو اپنے یا کام پر اثر انداز ہونے نہیں دیتی، فرانسسکا البانی