بولنگ کوچز، قرعہ فال عمر گل اور سعید اجمل کے نام نکل آیا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز کیلئے عمر گل اور سعید اجمل کے نام قرعہ نکل آیا۔ ذرائع کے مطابق عمرگل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فاسٹ اور سپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔ دونوں سابق قومی بولرز کا کوچنگ میں پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز ہوگا۔
عمرگل کا بولنگ کوچ کے حوالے سے تجربہ آن دی ریکارڈ ہے، سابق پیسر اور ریورس سوئنگ کے ماہر عمر گل افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز جبکہ گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمرگل نے 2003ء میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کیریئر میں 47 ٹیسٹ میچوں میں 163، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179 اور 60 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
سابق عالمی نمبر ون سپین بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
انہوں نے 2008ء میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ 113 ون ڈے اور 64 ٹی 20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپن باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق بولرز عمر گل اور سعید اجمل کو قومی ٹیم کا بولنگ کا شعبہ حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بٹگرام:پلاسٹک و کراکری کی دکان میں آتشزدگی ،کروڑوں کا نقصان