بھاری بجلی بل

بھاری بھرکم بجلی بل موصول ہونے پر شہریوں کے اوسان خطا

ویب ڈیسک: بجلی کے ہزاروں روپے کے اضافی بل موصول ہونے کے بعد شہریوں کے اوسان خطا ہوگئے ہیں اچانک اتنے بڑے اضافے کی وجہ سے صارفین کے پاس ادائیگی کیلئے پیسے نہیں، اس مسئلے کے حل کیلئے صارفین نے پیسکو کے دفاتر کا رخ کر لیا ہے اور پیسکو ملازمین کی منت سماجت کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بجلی کی فی یونٹ قیمت 20 روپے سے بڑھ گئی ہے۔ ہر دوسرے مہینے بجلی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی صارفین کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے۔ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ کے بعد رواں مہینے اڑھائی سو سے تین سو یونٹ خرچ کرنے والے صارفین کی بجلی کا بل 12 ہزار سے 15 ہزار روپے آیا ہے جبکہ گذشتہ برس جن گھروں کا بل تین ہزار روپے تھا اب کے بار ان صارفین کے پیچھے بھی 10 ہزار روپے تک کا بجلی بل آیا ہے جس نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمت میں اضافہ نے شہریوں کی سکت کو ختم کر دیا ہے اور یکمشت اتنے زیادہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے صارفین نے پیسکو کے مختلف دفاتر میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں جہاں پر صارفین بل کی رقم میں کمی کرنے یا پھر اس کو قسط وار کرنے کیلئے قطاروں میں لگے کھڑے ہیں۔ پیسکو کے دفاتر میں صارفین اور پیسکو عملے کے درمیان ناخوشگوار واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، دریاوں میں طغیانی کا خدشہ