شعیب شاہین

ثبوت لیکر دھاندلی کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے،شعیب شاہین

ویب ڈیسک:پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ثبوت لے کر سپریم کورٹ میں جائیں گے،الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلا کررہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماءشعیب شاہین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے‘سپریم کورٹ میں پٹیشن لے کر جائیں گے اور ثبوت پیش کریں گے کہ کیسے آر اوز سے مل کر دھاندلی کی گئی۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فافن اور فوٹن نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے کس طرح الیکشن کمیشن نے ہر قدم پر دھاندلی کی ہے‘آخری رات میں فارم 47 کے ذریعے لوگوں کو جتوایا گیا، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ دھاندلی سے پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف سے معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، سیاسی استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک ہوگیا ، گیس بھی مہنگی ہوئی اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل 1 لاکھ روپے پر چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی صورت میں جو تباہی ہوچکی ہے اس سے زیادہ تباہی ہوگی، اس ملک کے اصل وارث عوام کو اس ملک کا اختیار دیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی، سپریم کورٹ نے 5 ممبر بینچ کا فیصلہ کیا تھا، قاضی فائز عیسیٰ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات میں طرفداری ظاہر کرتے ہیں، ہماری اپیل ہوگی کہ پی ٹی آئی کیسز میں قاضی فائز عیسیٰ نہ بیٹھیں۔

مزید پڑھیں:  امریکی منصوبوں کے ذریعے لاکھوں پاکستانی بجلی استعمال کر رہے ہیں، ملر