حوالدار لالک جان شہید

حوالدار لالک جان شہید کا 24واں یوم شہادت آج منایا گیا

وطن کی خاطر جان نثار کرنے والے بہادر و نڈر حوالدار لالک جان شہید آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔
ویب ڈیسک: کارگل کے محاذ پر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 24واں یوم شہادت آج منایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حوالدار لالک جان نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن پر جان قربان کی، ڈیوٹی پر پختہ ارادہ اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ہمت ہماری مسلح افواج کی بہترین مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے بہادر ہیروز نے مادر وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں، پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آئیے ہم ان ہیروز کو یاد رکھیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں، شہدا کی قربانیاں ہم سب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کرینگے