مخصوص نشستیں، پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع

ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔ اس دوران عدالت نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے روکنے کے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کردی۔
ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کےلئے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے کی جس کی سربراہی جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی۔
اس موقع پر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 93 سیٹوں والی پارٹی کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں۔ حالانکہ صدارتی انتخاب قریب آ رہا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت میں پیش ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل آج سپریم کورٹ میں ہیں۔ اس لئے کیس کی تیاری کے لئے وقت چاہیے۔
اس پر پی ٹی آئی کے وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ نئے ایڈووکیٹ جنرل کی تعیناتی آج ہوگی جو اس کیس میں پیش ہونگے۔
پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر پیش ہوں، حکم امتناع بدھ کے دن تک ہوگا، بدھ کے دن اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے سلسلے میں جاری حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  اسحاق ڈار پہلے غیر ملکی دورے پر آج لندن روانہ ہونگے