shah-mehmood-qurishi

دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہ دہرائے۔ شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک : پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے لوگوں کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہ دہرانے پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری کوخبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے اور طالبان کے ساتھ لاتعلقی کے نتیجے میں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں اپنی جگہ بنا لیں گی۔

اسکائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو تنہا چھوڑنا خطرناک آپشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا 1990 کی دہائی میں اسی غلطی کی مرتکب ہوئی تھی۔ غلطی کو دہرانے سے افغانستان خانہ جنگی اور انارکی کی جانب جا سکتا ہے اور بالآخر بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کے لیے جگہ پیدا کرنے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان حکومت کا ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

انٹرویو لینے والے نے جب سوال کیا کہ کیا آپ مغربی طاقتوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ طالبان کو تسلیم کریں؟ تو شاہ محمود قریشی نے یہ تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے کہہ رہے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ علیحدگی کے نتائج بہت زیادہ خراب ہیں۔ انٹرویو کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے طالبان نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور ایران کا دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان اپنے وعدوں پر کتنے سچے ہیں یہ جاننے کے لیے جانچنا چاہیے اور اگر اپنے وعدے پورا کرتے ہیں تو اس پر یقین کریں کیونکہ دوسرا آپشن بہت خراب ہے۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ بغیر کسی مدد کے افغانستان کو معاشی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ افغانستان سے امریکی انخلا ذمہ دار اور منظم نہیں تھا۔