دورہ آسٹریلیا کو چیلنج سمجھ رہے ہیں، شان مسعود

ویب ڈیسک: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ کپتانی میرے لیے ایک موقع ہے لیکن عہدے عارضی ہوتے ہیں ، دورہ آسٹریلیا کو اپنے لئے چیلنج سمجھ رہے ہیں-
قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئےشان مسعود نے کہا کہ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آیا، میں نے صرف ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی، انٹرنیشنل نہیں، لہٰذا کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف اچھی پرفامنس دوں۔
شان مسعود نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کو اپنے لئے چیلنج سمجھ رہے ہیں، ٹیم سلیکشن کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جو ٹیم چاہتے تھے ہمیں وہی ٹیم ملی ہے، سینئرکی مشاورت سے بہترکارکردگی دکھائیں گے۔
قومی کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں 20 آؤٹ کرنے ہوتے ہیں اس لیے اسپنر کھلانا ضروری ہے اور اگر اضافی بیٹر کی ضرورت ہوئی تو اسے لیکر میدان میں اتریں گے، ہماری ٹیسٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
بیٹنگ آرڈر پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اوپننگ میں امام الحق اور عبدا اللہ شفیق اچھی پرفامنس دے رہے ہیں-
سابق کپتان بابراعظم کے حوالے سے شان مسعود نے کہا کہ بابراعظم سے میرا پرانا تعلق اور اچھی دوستی ہے، ہم نے اسلام آباد کے لیے ایک ساتھ کھیلنا شروع کیا تھا، بابر بیٹنگ گروپ کا لیڈر ہے-

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :سینیٹ کی 11نشستوں پر 42امیدواروں کے کاغذات جمع