دہشتگرد بھارت

مقبوضہ جموں و کشمیر میں واحد دہشتگرد بھارت ہے، نگراں وزیراعظم

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں واحد دہشتگرد بھارت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے واضح کیا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستان اور کشمیری اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،
مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے ہم لاتعلق نہیں رہ سکتے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں واحد دہشتگرد بھارت ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف یکطرفہ طور پر کوئی حتمی حل مسلط نہیں کر سکتا،
کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے قرار دیا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے یہ محض دعویٰ نہیں بلکہ حقیقت برمبنی ہے،
جغرافیائی قربت، مشترکہ تاریخ اور عقیدہ اس بندھن کے اہم عناصر ہیں۔
ہمارے تہوار ایک ہیں، دل ایک ہی تال پر دھڑکتے ہیں اور ہماری رگوں میں ایک ہی خون رواں ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم یو این او کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے لئے ہر طرح کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اسی لئے عالمی فورم پر ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں شدید بارشیں، ندی نالے بپھر گئے، نشیبی علاقے زیرآب