زلزلہ

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں زلزلے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ اضلاع مردان، بونیر، صوابی، چترال اور لوئر دیر میں مکانات کی دیواریں گرگئیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کا مر کز کوہ ہندوکش تھااور اس کی شدت8.3 اور زیر زمین گہرائی 180کلومیٹر تھی ماہرین موسمیات کے مطابق اس شدت کے زلزلے کے بعد دو سے تین روز تک آفٹر شاکس کا خدشہ رہتاہے ۔ پشاور کے علاوہ کوہاٹ ، صوابی،لکی مروت،مردان، رستم ، نوشہرہ،جمرود، باڑہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، پارا چنار،ڈیرہ اسماعیل خان، سوات،باجوڑاور دیگر شہروں میں زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ترکی اور شام میں زلزلہ کی پیشگوئی درست ثابت ہونے کے بعد اس خطے میں بھی زلزلے کی پیشگوئی کی گئی تھی اس لحاظ سے یہ زلزلہ غیر متوقع نہیں تھا اگرچہ زلزلہ کے آنے کا درست وقت کا علم ایک ہی ذات باری تعالیٰ کو روا ہے اور یہی ہمارا پختہ ایمان اور عقیدہ ہے البتہ سائنسی علم نے اب اتنی ترقی کرلی ہے کہ زمینی پلیٹوں کی تبدیلی و ٹکرائو اور ہلنے کی پیمائش کرکے کسی سائنسدان کی کی گی متوقع زلزلہ کی پیشگوئی پہلی مرتبہ سامنے آئی اور ان کا اندازہ درست ثابت ہوا۔ بہرحال اس سے قطع نظر قدرتی آفات میں اضافہ زلزلہ اورسیلاب کی تباہ کاریاں اب بڑھتی جارہی ہیں جس کی خبرداری ہمارے پیغمبر خاتم النبین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صدیوں پہلے کرگئے ہیں ان کی بیان کردہ علامات و حالات اب زبان حال سے پکار پکار کر کہہ رہی ہیں کہ وہ زمانہ آگیا ہے۔ زلزلہ آنے کے تین چار روز کے اندر آفٹر شاکس آنے کا غالب خطرہ ہوتا ہے اس بنا پر خبردار اور تیاررہنے کی ضرورت ہے زلزلہ آنے پر کیا حفاظتی تدابیر اختیار کرلینی چاہئے اس سے گھریلو خواتین اور بچوں کو بطور خاص تعلیم دینے کی ضرورت ہے جس شدت کا یہ زلزلہ آیا اس کی بہ نسبت نقصان کچھ نہیں ہوا یہ بھی قدرت کی مہربانی اور کرم ہے ورنہ جن حالات سے ملک گزر رہا ہے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی نہیں نکل سکے ہیں معاشی بدحالی اور مہنگائی اپنی جگہ بڑی مشکلات کا باعث ہے ا س عالم میں خدانخواستہ اگر زلزلے سے بھی تباہ کاریاں ہوئیں تو ملک سخت بحران کا شکار ہونا اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔زلزلہ کیوں آتا ہے اس کی سائنسی توجیہہ اپنی جگہ بطور مسلمان اس حوالے سے ہماری دینی تعلیمات کیا ہیں اس پر غورکرکے ان عوامل سے من حیث القوم خود کو بچانے کی سعی کرنی چاہئے تاکہ اگر زلزلہ آبھی جائے تو قدرت اسے ہمیں دوسری قوموں کی طرح ہمیں تباہ کرنے کا ذریعہ نہ بنائے۔

مزید پڑھیں:  ضمنی انتخابات کے نتائج