پشاور پولیو مہم شروع

سخت سیکورٹی میں پولیو مہم شروع،4ہزار اہلکار تعینات

ویب ڈیسک : پشاور میں سیکورٹی کے سخت انتظامات میں پولیو مہم شروع کردی گئی ہے ، پولیس افسران نے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا۔ پشاور میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، دورے کے دوران ایس پی سٹی عبد السلام خالد اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ایس ایس پی نے بی ایچ یوز کے دورے کے دوران ہیلتھ افسران سے ملاقات کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے بھی پلائے اور پولیو ویکسین سے متعلق ان کے تحفظات دور کئے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے اور پولیو ورکرز کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندیاں کرکے چیکنگ کا سلسلہ مزید سخت کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں، لین دین تنازعہ پر 2 افراد جاں بحق، راہگیر سمیت 3 افراد زخمی