سکول اوقات میں شدید ٹریفک جام اور بدانتظامی سے پشاور متاثر

ویب ڈیسک : تعلیمی ادارے اور دفاتر کھلنے کے بعد پشاور میں شہریوں کیلئے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں بد انتظامی کی وجہ سے گزشتہ روز بھی شہر میں مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بنی رہیں اور گاڑیوں میں سوار لوگوں کے علاوہ پیدل لوگ بھی ٹریفک جام سے متاثر ہوئے گذشتہ روز صبح سے سہ پہر تک لاکھوں کی تعداد میں لوگ ٹریفک جام سے متاثر ہوئے ہیں رنگ روڈ،ہشت نگری، فردوس اور شیر شاہ سوری پل کے علاوہ خیبر روڈ، ورسک روڈ، صدر روڈ، چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈپر بھی ٹریفک جام کی شکایات تھیں
اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد میں بھی سڑکوں پر گاڑیوں کا رش ریکارڈ کیا گیا جس میں سکولوں اور دفاتر میں چھٹی کے بعد مزید اضافہ ہو گیا اور عام لوگوں اور ملازمین سمیت بچے بھی سکول گاڑیوں میں پھنس گئے سڑک پر لائننگ نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی کئی قطاریں بن گئیں سڑکوں پر رش کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں نے فٹ پاتھ پر موٹر سائیکلیں چڑھا دیں جس سے پیدل لوگوں کیلئے بھی چلنا دشوار ہوگیا۔ اس دوران ٹریفک پولیس کے اہلکار صرف چوراہوں تک محدود رہے اور سٹی سرکلر روڈ سمیت کسی بھی سڑک پر ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کیلئے اقدامات نہیں لئے جس کے نتیجے میں شہریوں کے بنیادی حقوق معطل رہے۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی تنزلی جاری، سٹاک ایکسچینج میں 66 ہزار کی حد بحال