car

سکیم چوک میں ایک شخص کو گاڑی میں زندہ جلا دیا گیا

پشاور کے نواحی علاقے انقلاب میں سکیم چوک کے قریب گاڑی میں ایک شخص کو مبینہ طور پر زندہ جلا دیا گیا ہے۔ آگ کی وجہ سے گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ نعش بھی بری طرح سے جھلس جانے سے ناقابل شناخت ہوگئی ہے۔

ایس آئی خالد عثمان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے انقلاب پولیس کو بتایا کہ دوران گشت اطلاع ملی کہ گھڑی گل زمان نزد سکیم چوک میں ایک خالی پلاٹ میں موٹر کارVXR کو آگ لگی ہے جو مکمل طور پر جل چکی ہے ، پولیس نے وہاں پہنچ کر دیکھا تو کار کی پچھلی نشست پر ایک نعش پڑی تھی جو بری طرح جل چکی تھی۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ نعش مرد کی ہے یا کسی خاتون کی تھی ۔ ایف آئی آر کے مطابق گاڑی میں اور کوئی موجود نہیں تھا ۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم افراد نے گاڑی کو آگ لگا کر متوفی کو قتل کیا ہے تاہم پولیس کے مطابق اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اسے قتل کیا گیا ہے یا پھر گاڑی کو خود آگ لگی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں گیس بھر جانے سے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے جبکہ آگ کے شعلوں سے گاڑی مکمل طور پر جل چکی ہے ۔ پولیس نے بری طرح سے جھلس جانے والی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہے جبکہ کرائم سین سیل کرکے اہم شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ پولیس نے ورثاء کی تلاش بھی شروع کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  2050تک خیبر پختونخوا کی آبادی 78ملین تک بڑھ جانے کا امکان