شب برات پر محفل موسیقی

شب برات پر محفل موسیقی مہنگی پڑگئی،منتظمین پر مقدمہ

پشتخرہ کے علاقے میں شب برات کے موقع پر محفل موسیقی کا پروگرام گلوکار اور آرگنائزرز کو مہنگا پڑ گیا ہے۔ پولیس نے مقامی افراد اور مدرسہ طلباء کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے محفل موسیقی کا پروگرام روک دیا اور 7 مسلح افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ آرگنائزرز نے ہنگامہ آرائی کے دوران پیسوں سے بھرا بیگ گم ہونے اور پولیس پر موسیقی آلات توڑنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ پشتخرہ کے علاقہ نذیر آباد میں گذشتہ شب موسیقی پروگرام جاری تھا اس دوران پولیس نفری شہریوں کی شکایت کہ شب برات کی رات عبادت کی رات ہے اور یہاں موسیقی جاری ہے پروگرام بند کروانے کیلئے پہنچی۔ پروگرام میں پشتو گلوکار کرن خان فن کا مظاہر ہ کر رہے تھے۔ آرگنائزرز اور گلوکار نے الزام لگایا کہ پولیس نے دھاوا بول کر وہاں موجود موسیقی آلات توڑ ڈالے جبکہ اس دوران پیسوں سے بھرا ایک بیگ بھی گم ہو گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس ترجمان نے موقف اپنایا ہے کہ کارروائی مقامی افراد کی شکایت پر کی گئی۔ مقامی افراد شب برات کے موقع پر پروگرام روکنے کیلئے منتظمین کے پاس گئے ۔ پشتخرہ اصلاحی کمیٹی نے بھی ایس ایچ او کو مطلع کیا اور سوشل میڈیا پر پروگرام بند کرنے کا کہا ۔ اطلاع پر پولیس نے ممکنہ تصادم روکنے کی خاطر پروگرام بند کراتے ہوئے وہاں موجود چند مسلح افراد کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ پشتخرہ پولیس کے مطابق انہوں نے کوئی زور زبردستی نہیں کی۔ فنکاروں کو پولیس کی حفاظت میں تھانہ منتقل کیا گیا کیونکہ راستے میں مقامی افراد اور مدرسہ کے طلباء مشتعل کھڑے تھے لہذا تصادم کا خدشہ تھا۔ بعد میں گلوکار کرن خان سمیت دیگر فنکاروں کو چھوڑ دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پیسوں سے بھرے بیگ کی گمشدگی سے متعلق کوئی رپورٹ درج نہیں کی گئی۔ ا دھر اے ایس پی حیات آباد کو واقعہ کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی جبکہ الزامات ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان