آئی ایم ایف شرائط پوری

شرائط پوری کرچکے،آئی ایم ایف بلاوجہ تاخیرکررہاہے،پاکستان نے امریکاسے مددمانگ لی

ویب ڈیسک: حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے اسٹاف لیول معاہدہ میں تاخیر پر امریکا سے بات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی امریکی حکام سے آئی ایم ایف سے معاہدے پر بات کی ہے اور اب وزیرخزانہ اسحاق ڈار امریکی سفیر سے معاہدے پر بات کریں گے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ امریکا سے بات چیت کے بعد رواں ہفتے معاہدے کا امکان ہے، آج بھی آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات ہوں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط منوا کر دوبارہ اسٹاف لیول معاہدے میں بلاوجہ تاخیر کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر چکا ہے اور کئی محاصل میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔دوسری طرف پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کے سنجیدہ معاشی معاملات پر تمام شعبوں میں حل نکالنے کے لیے کام کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان سنگین اہمیت کے حامل معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کو مشکل وقت سے نکلنے کا کوئی راستہ ملے لہٰذا پاکستان کے سنجیدہ معاشی معاملات پر تمام شعبوں میں حل نکالنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام بھی اسی معاملے کا ایک حصہ ہے
حال ہی میں واشنگٹن میں اعلیٰ سطح تجارت و سرمایہ کاری کے مذاکرات مکمل کیے، رواں ہفتے سینئر سطح کے توانائی، سکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات ہورہے ہیں، یہ مذاکرات جنیوا مذاکرات کا فالو اپ ہیں۔ ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح انسانی حقوق کے چیلنجز سے نبردآزما ہے، پاکستان کو ان الزامات کو ڈیل کرنا ہوگا۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ اب بھی شراکت دار ہیں، سکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  بٹگرام:پلاسٹک و کراکری کی دکان میں آتشزدگی ،کروڑوں کا نقصان