شرمناک! بوسیدہ بھارتی معاشرے پر شرم آتی ہے : ریچا چڈھا

بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے ہسپانوی خاتون سے اجتماعی زیادتی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی معاشرے کو بوسیدہ معاشرہ کہہ دیا۔
گزشتہ ہفتے ریاست جھارکھنڈ میں 28 سالہ ہسپانوی خاتون سیاح کو شوہر کی موجودگی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
واقعے کے وقت خاتون سیاح اپنے شوہر کے ساتھ سفر کررہی تھیں، جوڑے نے رات گزارنے کے لیے جھارکھنڈ کے ضلع دمکا میں ٹینٹ لگایا جہاں 7 افراد نے ان پر حملہ کیا، گروہ نے خاتون سیاح کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھی کو زد و کوب کیا۔
خاتون سیاح نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واقعے کی تفصیل سے آگاہ کیا تھا جب کہ خاتون کے شوہر نے بھی اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کے سر پر متعدد بار ہیلمٹ سے ضرب لگائی گئی۔
بعد ازاں گشت پر مامور پولیس کی ایک گاڑی نے رات گئے اس جوڑے کو ریسکیو کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر واقعے سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ ریچا چڈھا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شرمناک! بھارتی غیر ملکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کررہے ہیں جیسے وہ اپنی خواتین کے ساتھ کرتے ہیں، مجھے ہمارے بوسیدہ معاشرے پر شرم آتی ہے‘۔
خیال رہے کہ بھارت میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جہاں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین خاص طور پر ان کا شکار ہوتی ہیں۔
بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق سال 2022 میں بھارت میں زیادتی کے اوسطاً 90 کیسز یومیہ رپورٹ ہوئے جس کا مطلب ہے کہ ہر 18 منٹ میں ایک خاتون جنسی زیادتی کا شکار ہوئی۔

مزید پڑھیں:  بگ باس او ٹی ٹی 3 کا پریمیئر جون میں ریلیز ہوگا