عمران اور قریشی کی ضمانتیں

عمران خان کی 3، شاہ محمود کی 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توڑ پھوڑ کے 3 اور شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
انسداد دہشت گردی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید اور پی ٹی آئی کے وکلاء سردار مصروف اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔
اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور کیں۔
بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئیں۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے جان بوجھ کر احتجاج کروایا، بانی پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی رہنماؤں کو غیرضروری نرمی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے عدالت سے شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کی استدعا کی، جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی موقع پر تو موجود نہیں تھے؟
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی موقع پر موجود نہیں تھے جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ دیگر شریک ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت عوام کو صحت کارڈ جیسا منصوبہ نہ دے سکی، بیرسٹر سیف