غلام خان بارڈر

غلام خان بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جرگہ

ویب ڈیسک : ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کے دفتر میں جرگہ ہوا جس میں وزیر قبیلے کے چیدہ چیدہ مشران ملک نصراللہ،ملک شہزادہ، ملک ریمال، ملک روح اللہ، ملک حاجی عبداللہ خان، تاجر برادری اور کلیئرنگ ایجنٹس نے شرکت کی۔ پاک فوج 7 ڈویژن کی نمائندگی کرنل سعود نے کی۔صوبائی وزیر ریلیف اقبال وزیر بھی اس جرگہ میں شریک ہوئے۔
جرگہ کا ایجنڈاغلام خان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے خالی گاڑیوں کا آنا اور ان کی بحفاظت واپسی تھا تاکہ غلام خان بارڈر پر پاک افغان تجارت کو فروغ دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان ریحان خٹک اور کرنل سعود نے جرگے کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج علاقے میں تجارت کی سر گرمیوں کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں جس سے علاقے میں غربت کا خاتمہ ہوگا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور نتیجتاً پائیدار امن قائم ہوگا۔تاہم انہوں نے مشران، تاجر برادری اور کلیئر نگ ایجنٹس پر واضح کیا کہ شمالی وزیرستان کے امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تاجر برادری اور کلیئرنگ ایجنٹس کو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہونگی تاکہ نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو بلکہ خالی گاڑیوں کی مقررہ وقت میں بحفاظت واپسی سے علاقے کے امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے ۔ منسٹر ریلیف اقبال وزیر نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تجارتی سر گرمیوں کے ذریعے شمالی وزیرستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور مقامی لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں گے۔
آخر میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ غلام خان بارڈر پر موجود کلیئرنگ ایجنٹس اور مقامی منڈیوں کے مالکان خالی گاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے ذمہ دار ہونگے۔قبائلی مشران، تاجر برادری اور کلیئرنگ ایجنٹس نے اس فیصلے پر بہت ذیادہ خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ کے علاوہ جی او سی 7 ڈویژن میرانشاہ کا خصوصی شکریہ ادا کریں گے اور ان سے جرگے کی شکل میں ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا