کاغذات نامزدگی پر اپیلوں کی سماعت مکمل، فہرست آج جاری ہوگی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اور عذرداریوں پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کا وقت مکمل ہوگیا۔ ملک بھر میں تمام ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے فہرست آج جاری ہوگی جس کے بعد انتخابات کا اگلا مرحلہ شروع ہوجائیگا۔
عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز نے سینکڑوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایک ہزار 24امیدواروں کے کاغذات قومی اور2ہزار 216امیدواروں کے کاغذات صوبائی اسمبلیوں کیلئے مسترد کئے گئے تھے، ان میں خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کیلئے 152جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے 367کاغذات نامزدگی شامل تھے۔
ان تمام امیدواروں کی جانب سے اپیلیں جمع کرائی گئی تھیں جبکہ منظور کاغذات کیخلاف بھی اپیلیں جمع کرائی گئی تھیں۔
پشاور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ میں 6 ججز جبکہ بنوں، ڈی آئی خان ، سوات اور ایبٹ آباد میں ایک ایک جج نے الیکشن ٹربیونل میں ان اپیلوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مسترد یا منظور کیا۔
اس دوران سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے جن میں بیشتر امیدواروں کے کاغذات بعد میں منظور کرلئے گئے۔ ان میں شاندانہ گلزار، عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور جھگڑا، شیر افضل مروت، اسد قیصر، علی امین گنڈاپور، فیصل امین، مشتاق غنی اور عمر ایوب سمیت دیگر کئی رہنما شامل ہیں۔
دوسری طرف مراد سعید اور دیگر کئی رہنماﺅں کے کاغذات منظور نہیں ہوسکے ہیں اور اب وہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔ عام انتخابات کے حوالے سے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں ان کی فہرست آج جاری ہوگی۔
ملک بھر کے تمام انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ آفیسرز اپنے دفاتر کے باہر متعلقہ حلقہ کیلئے اہل امیدواروں کی فہرست ٓویزاں کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پختونخوا کابینہ میں بجٹ منظوری، پشاور ہائیکورٹ کا ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس