قیمتوں میں اضافہ

پیاز، دال ماش، دال مونگ اور دال مسور کی قیمتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک: ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 05 فیصد اضافہ ہوا، یوں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 25 اعشاریہ 34 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 16 روپے مہنگی ہوئی، دال ماش 8 روپے، دال مونگ 2 روپے اور دال مسور کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق انرجی سیور بلب 14 واٹ 6 روپے، چینی 6 روپے، لہسن 10 روپے کلو جبکہ انڈے 7 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق چھوٹا گوشت فی کلو 4 روپے، ہڈی والا گوشت 2 روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر فی کلو 27 روپے، زندہ مرغی 23 روپے کلو جبکہ کیلے فی درجن 2 روپے سستے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 7 روپے، سرسوں کا تیل، ویجیٹبل گھی اور برانڈڈ کوکنگ آئل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں:  پرویز الٰہی کی طبیعت خراب ،جیل سے پمز ہسپتال منتقل