لوگوں کا حکومت سے اعتماد

سیاسی مقدمات سے لوگوں کا حکومت سے اعتماد اٹھ جائے گا، ہائی کورٹ

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی انور تاج اور تحصیل مئیر صوابی عطاء اللہ کی جانب سے دائر درخواستیں ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے پر نمٹا دی گئی ہیں۔ جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ اگر حکومت سیاسی انتقام پر اینٹی کرپشن کے مقدمات بنائے گی تو پھر لوگوں کا ان پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی انور تاج کے خلاف اینٹی کرپشن کا ایک مقدمہ جبکہ مردان ریجن میں تین مختلف پولیس ایف آئی آر درج ہیں جن کی تفصیلات عدالت کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ تحصیل مئیر صوابی عطا اللہ کے خلاف اینٹی کرپشن میں ایک شکایت پر کاروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف کوئی دوسرا مقدمہ درج نہیں۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ آئے روز مقدمات درج کئے جا رہے ہیں اور انہیں تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی۔
عدالت کے ذریعے درج مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بیرسٹر یاسین رضا نے عدالت کو بتایا کہ جو تفصیلات تھیں وہ فراہم کر دی گئی ہیں لہذا اب ان کیسز کی سماعت جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ عدالت نے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے پر دونوں رٹ درخواستیں نمٹا دیں۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف کاپاکستان کی مشروط مددکا اعلان،اصلاحات پر زور