212062 2473458 updates

مسلسل آٹھویں ماہ ترسیلات زر میں ملکی تاریخ کا ریکارڈ اضافہ

ویب ڈیسک (اسلام آباد) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ترسیلات زر مسلسل آٹھویں مہینے 2 ارب امریکی ڈالرز سے زائد رہیں جو جنوری 2020 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ ماہ ترسیلات زر مسلسل آٹھویں مہینے 2 ارب امریکی ڈالرز سے زائد رہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری 2021 میں ترسیلات زر 2.3 ارب ڈالر رہیں، رواں سال جنوری میں ترسیلات سال گزشتہ جنوری 2020 کی نسبت 19 فیصد زیادہ رہیں۔ جنوری میں ترسیلات زر دسمبر میں وصول 2.4 ارب ڈالرز کے مقابلے میں کچھ کم رہیں

مزید پڑھیں:  معاشی چیلنجز: امریکہ کا پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا جنوری ترسیلات زر کا حجم 16.5 ارب ڈالر رہا جو سال گزشتہ سے 24 فیصد زائد ہے، جولائی تا جنوری ترسیلات زر کا بڑا حصہ سعودی عرب سے یعنی 4.5 ارب ڈالر رہا۔

اس عرصے میں متحدہ عرب امارات سے 3.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، برطانیہ سے 2.2 ارب اور امریکا سے 1.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں متواتر اضافہ بڑی حد تک بینکاری ذرائع کے بڑھتے استعمال کا عکاس ہے، باضابطہ ذرائع سے رقوم کی آمد کے فروغ میں حکومت اور اسٹیٹ بینک کی کوششیں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  ڈی آئی خان میں فائرنگ، 4کسٹم اہلکاروں سمیت6افراد جاں بحق

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کووڈ 19 کی دوسری لہر کے سبب محدود سفر اور شرح مبادلہ کے لچکدار نظام کا بھی عمل دخل رہا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ترسیلات زر میں ملکی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہوا، سمندر پار پاکستانیوں کا انتہائی شکر گزار ہوں۔