مضر صحت دودھ

مضر صحت دودھ کے 3 سپلائرز گرفتار، جیل بھیج دیا گیا

ویب ڈیسک: محکمہ خوراک نے دودھ میں کیمیکل کی ملاوٹ اور شہر بھر کو مضر صحت دودھ سپلائی کرنیوالے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے تین ڈیری فارم مالکان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے شہر بھر کو دودھ سپلائی کرنیوالے ڈیری فارمز میں چیکنگ کی اور نرخوں بارے آگاہی بھی حاصل کی۔
دودھ میں کیمیکل کی ملاوٹ کرنے پر رنگ روڈ پر قائم عسکری ڈیری فارم بالمقابل ہائپر مال، تاج آباد روڈ پر شکیل ڈیری فارم اور عثمان ڈیری فارم کے مالکان کو گرفتار کر کے پندرہ روز کیلئے جیل منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ کیمیکل ملے دودھ سے کینسر اور دیگر امراض جنم لے رہے ہیں۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کے نام پر زہر بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کی طرح پشاور میں بھی محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مہم میں مزید تیزی لاتے ہوئے سپلائرز کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  بالاکوٹ اور وادی کاغان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع