مقررہ تاریخ کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

ویب ڈیسک: 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن سے متعلق انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ان غیر ملکیوں کے لیے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں عارضی ڈی پورٹ کیمپ قائم ہونگے۔ اس حوالے سے جاری ہونیوالی دستاویزات کے مطابق ان خصوصی کیمپس میں سب سے بڑا کیمپ پشاورمیں ہوگا، جہاں غیر قانونی مقیم افراد کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ انخلاء کے لیے محکمہ داخلہ کے قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم نے آج سے باقائدہ کام شروع کردیا ہے۔
زرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم میں الیون کور، پولیس، نادرا اور ایف آئی اے کے نمائندوں سمیت ڈی جی ایمیگریشن، کمشنر افغان کمشنریٹ اورآئی ایس آئی، آئی بی اور سپیشل برانچ کے افسران شامل ہونگے۔
ذرائع کے مطابق کنٹرول روم کے قیام کا مقصد غیر ملکیوں کے انخلاءکے فیصلے پر عملدرآمد کرانا ہے، محکمہ داخلہ کے مطابق ہزراہ ڈویژن میں بھی کیمپ ہوگا، وہاں سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پشاور منتقل کیا جائے گا۔
صوبے کے مختلف کیمپوں سے تمام ڈویژنز کے غیر قانونی افراد پشاور اور خیبر منتقل کئے جائینگے۔
یاد رہے کہ پشاور میں ان خصوصی کیمپوں میں سے ایک ناصر باغ اوردوسرا خیبر میں حمزہ بابا مزار کے ساتھ قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ان کا کنٹرول صوبائی حکومت، پی ایم ڈی اے کے اختیار میں ہوگا۔

مزید پڑھیں:  بگ باس او ٹی ٹی 3 کا پریمیئر جون میں ریلیز ہوگا