مٹی سے ترقی کے سفر

مٹی سے ترقی کے سفر کی ابتدا کر رہے ہیں، مصدق ملک

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آخری کچھ دن رہ گئے ہیں، گنتی گن رہے ہیں، نوجوان مایوس نہ ہوں، ملک کا مستقبل تابناک ہے، مٹی سے ترقی کے سفر کی ابتدا کر رہے ہیں۔
ویب ڈیسک: مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک بے شمار معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہوگا، معدنیاتی مٹی کو آگ میں جلا کر اس میں سے دھات نکالیں گے، بلوچستان میں چھوٹی چھوٹی فیکٹریاں لگائیں گے، جہاں جہاں مائننگ ہوگی اس کو گوادر پورٹ سے منسلک کریں گے، ہم نے مٹی سے ترقی کے سفر طے کرنا ہے مٹی کا سفر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات کے انقلاب سے ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، معدنیاتی انقلاب کے لیے ہمارے 3 گول ہیں، جو معدنیات اور مٹی ہم بیچیں گے اس سے ملک لاکھوں ڈالر کمائے گا، سونا اور تانبا ملک کی تقدیر بدلے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مزدور طبقہ بہت ہے، ان کو ملازمت فراہم کریں گے، ہم اس مٹی سے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے، نوکر شاہی کے بوجھ کو ختم کیا جائے گا، اس نوکر شاہی کو کاٹیں اور آگ لگا دیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اس ملک میں آپ کو ناامیدی کیوں نظر آتی ہے، ہم ان معدنیات پر فوکس کر رہے ہیں، معدنیاتی انقلاب سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وزیرمملکت نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہیں گے، سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن عمل شروع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  صوابی، انبار انٹرچینج پر موٹرسائیکل کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق