مہنگا پٹرول خرید کر سستا فروخت

مہنگا پٹرول خرید کر سستا فروخت نہیں کر سکتے، شفاف الیکشن کیلئے پرعزم ہیں، حکومت

ویب ڈیسک: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستا فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ آج نگران وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، نگران حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کو بہتر کرنا ہے، کابینہ کو سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہے، آئین اور قانون کے تحت نگران حکومت کی جو بھی ذمہ داریاں ہیں وہ پوری کریں گے، وفاقی کابینہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لئے پرعزم ہے۔ انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات میں ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، الیکشن کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر کابینہ کے ارکان ڈالیں گے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے ہر رکن سے اس کی وزارت کے بارے میں بریفنگ لی، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اخراجات کم کئے جائیں، کابینہ کے اجلاس میں معیشت کی بحالی کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی طاقت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے، تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں، جڑانوالہ واقعہ پر ہر فرد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے حلف کی پاس داری کریں، اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے مطابق انجام دیں۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ مدیحہ رضوی نے دوسری شادی کرلی