نرسنگ کالجوں میں نشستیں بڑھانے پر کام جاری ہے، نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر)ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبر میڈیکل کالج اور ایوب میڈیکل کالج کو یونیورسٹیوں میں اپ گریڈ کرنے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے، جلد صوبائی کابینہ کا اجلاس بلا کر باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔
صوبے میں طلبہ کو طبی تعلیم کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے میڈیکل کالجوں کی تعداد بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان سے بات ہوگئی ہے، صوبے کے نرسنگ کالجوں میں نشستوں کی تعداد بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ سالانہ50 ہزار نرسنگ گریجویٹس کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
خیبر میڈیکل کالج پشاور میں منعقدہ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں نوجوانوں کو عصر جدید کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کے لئے خوشحال پختونخوا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت سالانہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو مختلف سکلز سکھائے جائیں گے۔
اُنہوں نے خیبر میڈیکل کالج کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ کالج نامور اور معتبر تعلیمی ادارہ ہے جس نے میڈیکل اور ہیلتھ کیئر کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، ہم کالج کی شاندار تاریخ پر بجا طور فخر محسوس کرتے ہیں.
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے اس موقع پر کنونشن کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے پر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  خضدار، تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 21 زخمی