وائٹ پیپر عمران خان

وائٹ پیپر عمران کے کالے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا،مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی وائٹ پیپر عمران خان کے کالے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا، کالے ذہن، کالے کرتوت اور کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز نے ملک کو معاشی دیوالیہ کے قریب پہنچایا، مسلم لیگ ن کی حکومت 2018ء میں 6.1 فیصد پر ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئی تھی، مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی، 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر گئے تھے، دہشت گردی کی کمر توڑ کر پاکستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئے تھے
تمام عالمی جریدے پاکستان کی معیشت کو خطے میں بلند ترین معیشت قرار دے رہے تھے، عمران خان کو اپنے وائٹ پیپر میں بتانا چاہئے تھا کہ انہیں کس طرح کا ملک ورثہ میں ملا تھا، عوام کو کون بتائے گا کہ عمران خان کے دور میں مہنگائی 15 فیصد تک پہنچی، عمران خان اپنے دور میں ہونے والی معاشی تباہی کا ذکر کس وائٹ پیپر میں درج کریں گے؟
منگل کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام اور معیشت کو تباہ کیا، کالے ذہن، کالے کرتوت اور کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز نے ملک کو معاشی دیوالیہ تک پہنچایا، انہیں وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم تک نہیں آئی، انہیں وائٹ پیپر میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا، 2013ء سے 2018ء تک پاکستان معاشی طور پر ترقی کر رہا تھا، تمام معاشی اشاریئے مثبت تھے، ملک میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر تھی لیکن جب عمران خان اقتدار میں آئے تو انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وائٹ پیپر عمران خان کی دی ہوئی معاشی تباہی، کرپشن اور چوری کو سفید نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2018 میں ن لیگ حکومت میں ملک میں روزگار تھا، سی پیک اور بجلی کے منصوبے چل رہے تھے۔ آٹا 35 روپے کلو تھا اور چینی 52 روپے کلو مل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا، 2018ء سے اپریل 2022ء تک معاشی تباہی کا وائٹ پیپر کون جاری کرے گا؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 45 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے۔آج پنجاب میں آٹا بلیک میں مل رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی یہی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت کا دسواں سال شروع ہو چکا ہے، وہاں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے جس کے اثرات پورے پاکستان پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خیبر پختونخوا میں اپنے دس سالوں کے کرتوتوں کا وائٹ پیپر جاری کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کو ریلیف دیا ہے
وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادیوں نے پاکستان کو بچانے کے لئے مشکل فیصلے کئے۔ بجلی،گیس مہنگی کی ۔ آپ کس طرح سے بتائیں گے کہ نواز شریف کے لگائے گئے سی پیک کے منصوبے آپ نے بند کر دیئے، ملک کی خارجہ پالیسی کو تباہ کیا۔ آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر دستخط بھی کئے جس کا خمیازہ آج پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی ایسا ملک نہیں تھا جو پی ٹی آئی کی حکومت سے راضی ہو، عمران خان نے چین، ترکی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں پر نیب کو مسلط کیا، یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا وائٹ پیپر ان کے کالے اعمال اور کالی ذہنیت پر پردہ ڈال دے گا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کواسلام آبادمیں جلسےکاگرین سگنل،ضلعی انتظامیہ کوہدایات جاری