فائیو سٹار ہوٹل

وزراء اور سرکاری افسران کے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی

ویب ڈیسک:وفاقی حکومت نے کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد کردی ہے ۔
نئی سفری پالیسی کے مطابق معاون سٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی ہوگی،جبکہ بیرون ملک سفر کی اجازت کفایت شعاری کمیٹی سے لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اور سیکرٹری کے ایک ہی وقت بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی سے استثنیٰ کے لیے متعلقہ وزیر یا ڈویژن کو وزیراعظم سے اجازت لینا ہوگی۔
دستاویزات کے مطابق وفاقی وزیر، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین سال میں بیرون ممالک کے 3 دورے کرنے کے مجاز ہوں گے لیکن وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کو اس پابندی سے استثنی ہوگا۔
صدر، چیف جسٹس، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس فرسٹ کلاس سفری سہولیات کے مجاز ہوں گے جب کہ وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیر خارجہ، وفاقی وزرا اور وزیر مملکت بزنس کلاس سفر کے مجاز ہوں گے۔
پالیسی میں بیرون ملک دوروں کے لیے پی آئی اے کو پہلی ترجیح قراردیا گیا ہے جب کہ بھارت کے دورے کے لیے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کو اردن کے ہاتھوں بھی شکست