وصولی کا اچھا موقع

سرکاری اداروں کے نادہندہ افراد سے الیکشن کے دوران وصولی کی سعی اور اس مقصد کے لئے نادہندہ امیدواروں کی تفصیل الیکشن کمیشن کو فراہمی نادہندگان سے وصولی کااچھا موقع ہے۔ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوار ے جمع نہ کرانے والے امیدواروں اور نادہندہ کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، ڈبلیو ایس ایس پی ، پیسکو ، ٹیسکو ، مختلف صوبائی اور وفاقی محکموں کی جانب سے بھی نادہندہ افراد کی تفصیل الیکشن کمیشن کو ارسال کی گئی ہے۔مختلف اداروں کی جانب سے بقایا جات کی وصولی کے لئے جہد مسلسل کی ضرورت ہے انتخاب لڑنے کے خواہش مند امیدواروں سے وصولی کا یہ ایک موقع ضرور ہے لیکن اس طرح سے معدودے چند افراد سے ہی وصولی ممکن ہوسکے گی بجلی کے نادہندہ صارفین کے حوالے سے کچھ عرصے سے جوسنجیدہ اقدامات جاری ہیں خدشہ ہے کہ نئی حکومت آنے کے بعد ممکنہ طور پراس عمل میں خلل آئے گا جس سے بچنے کا تقاضا ہے کہ بقیہ مدت اقتدار میں پوری حکومتی مشینری کواس طرح سے فعال کیا جائے کہ زیادہ سے زیادہ نادہندگان سے وصولی ممکن ہو۔ صوبائی حکومت کی طرف سے متعلقہ اداروں کے ریکوری اور بجلی وگیس چوری کے عملے کے تحفظ کے ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئے تاکہ ان کے کام میں خلل واقع نہ ہو متعلقہ اداروں کو اس زریں موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں مزید دلچسپی لینے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  بارش سے پہلے چھت کا انتظام کیوں نہیں؟