وہاب ریاض ریٹائرمنٹ

وہاب ریاض کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اس موقع پر انہوں نے فرنچائز کرکٹ کی جانب توجہ مرکوز کرنے کا واضح اشارہ دیا ہے، پنجاب کی نگران حکومت میں بطور وزیرِ کھیل خدمات سرانجام دینے والے وہاب ریاض نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں باضابطہ طور پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے اہلخانہ، کوچز، ٹیم کے ساتھیوں، مداحوں اور ہر اس شخص کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے سپورٹ کیا۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں ہے، اب ٹیم میں میرے لیے جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ترجیح انٹرنیشنل فرنچائز کرکٹ کھیلنا ہے، دنیا میں جہاں بھی موقع ملے گا میں فرنچائز کرکٹ کھیلوں گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے، اگر پاکستان یا باہر کہیں بھی ایسا موقع ملا تو میں اپنی خدمات ضرور فراہم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی پاکستان کی طرف سے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن حقیقت یہی ہے کہ یہ مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاس شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے باؤلرز موجود ہیں جو ٹیم کی باگ ڈور سنبھال سکتے ہیں، میں جانتا ہوں کہ اب میرے لیے جگہ نہیں بنے گی، اس لیے میں نے حقیقت پر مبنی فیصلہ کیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ باؤلرکا کہنا ہے کہ انہوں نے 2023 کے ورلڈکپ کو فوکس کیا ہوا تھا لیکن ٹیم میں اب ان کی جگہ نہیں بنتی، اس موقع پر وہاب ریاض آبدیدہ بھی ہوگئے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ میں نے 2000 میں کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی، زندگی میں بہت سے خواب دیکھے اور ایک خواب پاکستان کی طرف سے کھیلنا تھا، اس میں کامیابی بھی ملی اور ناکامی بھی ہوئی لیکن یہ وقت لازمی آتا ہے کہ آپ کو اسے خیرباد کہنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ شائقین وہاب ریاض کے شاندار سپیل ہمیشہ یاد رکھیں گے، ان کی فاسٹ باؤلنگ ٹیم کی طاقت تھی۔

مزید پڑھیں:  شادی ہال اور ریسٹورنٹ پر فکس ٹیکس لگائیں گے، مشیر خزانہ مزمل اسلم