p613 298

پروازوں کی بحالی سیاحت وتجارت کی ترقی

ملک کے شمالی علاقوں میں سیاحت کے فروغ اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے حکومتی مساعی کے تسلسل میں تازہ پیشرفت خوش آئند ہے۔ لگ بھگ17سال بعد وادی سوات کے سیدو شریف ہوائی اڈے کو فعال کر دیا گیا ہے اور جمعہ کے روز پہلی پرواز سیدو شریف کے ہوائی اڈے پر اتری۔گذشتہ کچھ عرصے سے شمالی علاقوں کے ہوائی اڈوں کو فعال کر کے فضائی سروسز شروع کی جا رہی ہیں تاکہ ان علاقوں میں سیاحت کو مزید بڑھایا جا سکے۔سوات کا سیدو شریف ایئر پورٹ اس سلسلے کا چوتھا ائیرپورٹ ہے۔ اس سے پہلے سکردو، گلگت اور چترال کے ہوائی اڈوں کو فضائی سروسز کے لیے بحال کیا گیا ہے۔دہشت گردی کا شکار رہنے والے سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کی سترہ سال بعد بحالی وفعالیت اطمینان کی گہری سانس لینے کا وہ لمحہ ہے جس کا انتظار تھا پروازوں کی بحالی ایک بڑی تبدیلی اور خوشگوار لمحہ ہے جسے سوات کے عوام سترہ سال بعد محسوس کر رہے ہیں ملکی حالات کے باعث خیبرپختونخوا کے دیگر ایئرپورٹس بھی پروازوں کیلئے بند اور محدود کر دیئے گئے تھے حال ہی میں چترال کو اسلام آباد سے پروازوں کی بحالی ہوئی ہے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ایئر پورٹ اب بھی فعال اور بحال نہیں ہوئے سوات ایکسپریس وے اور لواری ٹنل کو ٹریفک کیلئے کھولنے کے بعد سوات اور چترال کو آمدورفت کی سہولت ہوئی ہے اور اب کسی بھی وقت سفر ممکن ہے جس کے باعث پورے ملاکنڈ ڈویژن میں ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے کورونا کی وباء کے باعث گزشتہ سال اگر پابندیاں نہ ہوتیں تو اعدادوشمار کے ریکارڈ ٹوٹنے کا قومی امکان تھا فضائی سروس کا استعمال عموماً غیر ملکی سیاح ہی زیادہ کرتے ہیں ملکی سیاح اورکاروباری افراد بھی وقت کی بچت کیلئے ہوائی سفر کو ترجیح دیتے ہیں چترال اوراسلام آباد کے درمیان فضائی سروس غیر ملکی سیاحوں کی آمدورفت کے باعث کامیابی سے ہمکنار ہے اسلام آباد سے براہ راست چترال اور سوات کی سیاحت میں غیر ملکیوں کی دلچسپی اپنی جگہ پروازوں کی بحالی ومعمول من حیث المجموع سیاحت وتجارت کیلئے باعث سہولت اور نفع کا باعث ہے2004ء میں سوات میں حالات کے باعث بندش کے بعد سیاحت اور تجارت سمیت دیگر معمولات متاثر ہوئے جن کی رفتہ رفتہ بحالی کے بعد پروازوں کی بحالی ہوئی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے۔فضائی رابطے کی بحالی سے سوات اور اس کے ارد گرد کے سیاحتی مقامات میں مچھلی،پھلوں ،ہوٹلوں،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر کاروبار میں اضافہ ہوگا روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھیں گے سوات ائیر پورٹ کی بحالی اور اسلام آباد چترال پروازوں کا احیاء کافی نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے دیگر ہوائی اڈہ بھی پروازوں کیلئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی ہونی چاہئے پشاور کے بین الاقوامی فضائی اڈے سے ان تمام پروازوں کی بحالی واحیاء کیلئے غیر ملکی فضائی کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے جو ناگزیر وجوہات کے باعث بند کئے گئے تھے یہ درست ہے کہ کورونا سے مسافروں کی تعداد میں کمی ضرور آئی ہے لیکن یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اس کے اثرات سے قطع نظر خیبرپختونخوا میں مسافروں کی آمدورفت اور خاص طور پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولیات اور محنت کشوں کی آمدورفت کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامات واقدامات پر توجہ کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  برق گرتی ہے تو بیچارے مسلمانوں پر؟