پنج تیرتھ مندر کیس

پنج تیرتھ مندر کیس’ غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم

ویب ڈیسک :پشاور ہائیکورٹ نے پنج تیرتھ مندر کی صفائی سے متعلق کیس میں چیئرمین محکمہ اوقاف کو طلب کرتے ہوئے اوقاف انتظامیہ کو مندر کے راستے میں اوقاف کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنے اور مذکورہ تعمیرات گرانے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز جب چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل بنچ نے پنچ تیرتھ مندر کی صفائی سے متعلق کیس کی سماعت شروع کی تو اس دوران عدالتی معاون علی گوہر درانی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز تین بجے میں گیا تھا صفائی ہورہی تھی تاہم مندر کا راستہ کلیئر نہیں ہے اب صفائی کرلی ہے لیکن اس کو ایسے صاف نہیں رکھ سکیں گے۔
اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی کارکردگی کیا ہے؟ اوقاف کی زمین پر لوگوں نے قبضے کئے ہیں۔ اوقاف والے کیا کر رہے ہیں؟ ان کا کوئی کام ٹھیک نہیں ہے۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اوقاف والوں کی زمین پر لوگ قبضہ کرتے ہیں اور اوقاف والے پھر خود اس غیرقانونی قبضے کو قانونی قرار دیتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ پیشی پر چیئرمین اوقاف کو طلب کر تے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی

مزید پڑھیں:  سولرپینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز