پیٹرول اور بجلی کے بعد گیس کی قیمتیں بڑھانے کی تیاریاں

ملک میں پیٹرول اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے بعد اب گیس کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں اس حوالے سے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ کے باعث ملک میں گیس کی قیمتیں بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
نگران حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خاطر نرخوں کے تعین کی کوششیں تیز کردی ہیں جس کے تحت زیادہ گیس استعمال کرنے والے صارفین گیس استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو بچانے کیلئے زیادہ ادائیگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف نے رواں ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر حکام کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے 12 سلیب ہیں جن میں سے ابتدائی چار سلیب ایسے ہیں جن میں صارفین بالترتیب 0اعشاریہ 25 ہیکٹر مکعب میٹر، 0اعشاریہ 5 ہیکٹر مکعب میٹر، 0اعشاریہ 6 ہیکٹر مکعب میٹر اور 0اعشاریہ 9 ہیکٹر مکعب میٹر گیس استعمال کرتے ہیں، ایسے صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ، باقی 8 سلیب والے صارفین گیس قیمتوں میں اضافہ کا نشانہ بنیں گے تاہم زیادہ گیس استعمال کرنے والے ایسے صارفین جن کا استعمال 4 ہیکٹر مکعب میٹر سے زیادہ ہے، ان کیلئے گیس کے نرخوں میں بھاری اضافہ کیا جائے گا جو 3600 سے 3700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 3 اور 4 ہیکٹر مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نرخوں میں بھاری اضافہ متوقع ہے، 60 فیصد صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو کے نرخوں میں 200 سے 400 روپے تک کا اضافہ متوقع ہے اور ان نرخوں کو ابھی حتمی شکل دینا باقی ہے۔

مزید پڑھیں:  بی آر ٹی پشاورمیں اربوں کی مالی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کاانکشاف