کشیدگی ختم، طورخم سرحد 9 روز بندش کے بعد کھول دی گئی

لنڈی کوتل: پاک افغان بارڈر پر کشیدگی ختم، آمدورفت کیلئے طور خم بارڈر کھول دی گئی، 9 روز سے پھنسے مسافر منزل کی طرف رواں دواں۔ تفصیلات کے مطابق طورخم سرحد 9 روز کی بندش کےبعد آج ہر قسم آمدروفت کے لیے کھول دی گئی۔
بارڈر حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ گاڑیوں کی کلئیرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، طورخم سرحد پر گاڑیاں رواں دواں ہو گئیں، متعدد گاڑیاں بارڈر کراس کر کے افغانستان میں داخل ہو گئیں جس سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
کشیدگی کے خاتمے اور طورخم سرحد کے کھلنے کے موقع پر بارڈر حکام نے کہا کہ طورخم سرحد پر پیدل آمدروفت بھی بحال کر دی گئی ہے اور سینکڑوں مسافروں نے بارڈر کراس کر لی۔ بارڈر حکام کے مطابق پاکستان میں پھنسے سینکڑوں افغان باشندے افغانستان میں داخل جبکہ افغانستان میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی باشندے پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے سربراہان کے مابین ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد طورخم سرحد کھلنے کا متفقہ فیصلہ ہوا۔
صبح 9 بجے طورخم سرحد کھلنے کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مسافروں کو سخت چیکنگ کے بعد بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی جاتی۔
یاد رہے کہ 6 ستمبر کو پاک افغان فورسز کے مابین ہونےوالی فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے طورخم سرحد ہر قسم آمدورفت کیلئے بند کر دی گئی تھی جس سے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔
افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستان کے چیف آف مشن عبید نظامانی سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف کسی بھی منفی سرگرمیوں اور دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ان کی اس یقین دہانی کے بعد طورخم سرحد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  صحت اصلاحات تیار، کابینہ نہ ہونے سے معاملہ رکا ہوا ہے، سرفراز بگٹی