کچرا ٹھکانے لگانے کی مشینری

کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے مزید مشینری کی خریداری پیسے کا ضیاع

خیبر پختونخوا حکومت نے ٹی ایم ایز اور سینی ٹیشن کمپنیوں میں کچرا ٹھکانے لگانے کی مشینری کی خریداری کے منصوبے کو پیسے کا ضیاع قرار دے دیا حکومت نے محکمہ بلدیات کو تجویز دی ہے کہ ٹی ایم ایز اور کمپنیوں میں پہلے سے موجود مشینری کے بعد مزید مشینری کی خریداری سے عوام کا پیسہ ضائع ہوگا لہٰذا محکمہ بلدیات مذکورہ رقم کسی اور منصوبے پر خرچ کر دے۔

خیبر پختونخوا کی ٹی ایم ایز اور سینی ٹیشن کمپنیوں میں کچرا ٹھکانے لگانے کی مشینری کی خریداری کا منصوبہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں پیش کیا گیا اجلاس میں منصوبے پر 20اعتراضات لگا دیئے گئے جن میں سے ایک تجویز یہ بھی شامل تھی اور کہا گیا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایوالوایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ٹی ایم ایز اور سینی ٹیشن کمپنیوں میں پہلے ہی قیمتی گاڑیاں اور مشینری موجود ہے اور استعمال نہیں کیا جا رہا مزید گاڑیوں اور مشینری کی خریداری صرف اور صرف وسائل کا ضیاع ہوگا محکمہ بلدیات کو سفارش کی گئی ہے کہ منصوبے کو دوبارہ سے جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ رقم ضائع ہونے سے بچاتے ہوئے کسی اور مد میں رقم استعمال کی جائے ۔53کروڑ48لاکھ 55ہزار کے منصوبے پر اٹھائے گئے دیگر اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں اسی طرح مشینری کی خریداری کیلئے جواز فراہم نہیں کیا گیا ہے جبکہ ہر ٹی ایم اے اور سینی ٹیشن کمپنی کے پاس موجود گاڑیوں اور مشینری کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں ۔ہر ٹی ایم اے میں موجود ڈمپنگ سائٹ کے تصویری ثبوت فراہم کئے جائیں جبکہ ٹی ایم ایز میں مشینری کی فراہمی کیلئے ترجیحات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں سینی ٹیشن کمپنی پشاور سے سرٹیفکیٹ مانگا گیا ہے جس میں وہ اس بات کی تصدیق کریں گے کہ جو مشینری اور سامان انہوں نے خریدنا ہے انہوں نے کسی اور مد میں مذکورہ مشینری اب تک نہیں خریدی ہے مشینری کی خریداری کیلئے اب تک کوئی ٹینڈر جاری نہ کئے جانے کا سرٹیفکیٹ بھی مانگا گیا ہے ہر ٹی ایم اے سے انکی ضرورت کے مطابق مشینری کی ضرورت کی تفصیلات مانگی جائیں مشینری کی خریداری میں پریکیورٹمنٹ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ایک جیسی خصوصیات رکھی جائیں منصوبے کا پی سی ون آن لائن سسٹم پر فراہم کیاجائے جبکہ منصوبے کا نام بھی تبدیل کرتے ہوئے منظور شدہ ترقیاتی پروگرام میں درج نام کیمطابق کیاجائے ۔

مزید پڑھیں:  انسداد دہشتگردی عدالت، بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پرسماعت ملتوی