گاڑی بی آر ٹی روٹ

پشاور، سی اے اے ڈائریکٹر نے گاڑی بی آر ٹی روٹ پر دوڑا دی

ویب ڈیسک: پشاور میں بی آر ٹی روٹ پر گاڑی دوڑانے اور فائرنگ کر کے سیکورٹی گارڈ کو زخمی کرنے والا سول ایوی ایشن اتھارٹی اسلام آباد کا ڈائریکٹر نکلا جسے گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے ملزم کی ذہنی حالت سے متعلق بھی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ ایس پی کینٹ وقاص رفیق کے مطابق گزشتہ روز ایک مشکوک کار چمکنی موڑ کے قریب بی آر ٹی مین روٹ میں داخل ہوگئی۔ جسے وہاں موجود سیکورٹی گارڈز نے روکنے کی کوشش کی تاہم اس نے گاڑی دوڑا دی اور بعد میں نامعلوم شخص نے کینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب بی آر ٹی روٹ پر فائرنگ کردی جس سے سیکورٹی گارڈ شہباز خان ولد ہارون خان ساکن سٹیشن کورونہ چارسدہ زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی مدد سے ملزم کا تعاقب کر کے اسے حراست میں لیا گیا تو اس کی شناخت ارباب فیصل فرید ولد ارباب فرید اللہ ساکن اسلام آباد 11/4E حال محلہ خان آباد تہکال بالا پشاور سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ ارباب فیصل سول ایوی ایشن اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر کی پوسٹ پر ہے جن کی قیمتی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے واردات کے بعد پستول نہر میں پھینک دیا تھا جو اس کی نشاندہی پر برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف مجروح سیکورٹی گارڈ کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم گرفتار شخص کی ذہنی حالت سے متعلق بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے حلف اٹھا لیا