فیکلٹی ممبران

گرانٹس ملنے کے باوجود جامعہ پشاور کے فیکلٹی ممبران تنخواہوں سے محروم

ویب ڈیسک :صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹس ملنے کے باوجود پشاور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کا تنخواہوں سے محروم رہنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے دسمبر میں فیکلٹی ممبران کی تنخواہیں نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رجسٹرار یونیورسٹی کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے پاس فنڈز کی دستیابی اور صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹس ملنے کے باوجود رجسٹرار آفس نے فیکلٹی ممبران کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنز دسمبر 2023 کے تیسرے ہفتے تک ادا نہیں کی جس کے سبب نہ صرف اساتذہ پر دباو¿ بڑھ رہا ہے ۔
پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر تنخواہیں ادا نہ کرنے پر بگڑتی ہوئی انتظامی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملازمین کی معاشی خوشحالی سے ادارہ میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے فوری طور پر عملے کو مکمل تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور رجسٹرار پر زور دیا گیا کہ وہ تنخواہوں کی مبینہ غیر قانونی بندش کے پیچھے وجوہات کی تحریری طور پر وضاحت کریں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام میں ناکام ہو چکی، بلاول بھٹو