گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی

جڑانوالہ واقعے میں 16 گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی، رپورٹ

ویب ڈیسک: جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعےکی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق 16 گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی۔ سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق صبح 8 بج کر 15 منٹ پر 70 سے 80 افراد نے احتجاج شروع کیا اور کاروباری مراکز بند کرائے، شہر اور کئی دیہات کی مساجد میں اعلانات کے بعد لوگ جڑانوالہ پہنچے۔ رپورٹ کے مطابق کرسچن کالونی میں 11 بجے مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی، چرچ اور گھروں کو آگ لگائی اس دوران اے سی کے گھر کو بھی نذرآتش کیا گیا۔ مظاہرین نے عیسیٰ نگری میں 15 گھروں اور 3 گرجا گھروں کو آگ لگائی، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ دوسری جانب جڑانوالہ میں توہین مذہب کے مبینہ واقعے کے بعد جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار ملزمان کی تعداد 128 ہوگئی، اعلانات کر کے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جڑانوالہ میں توہین مذہب کے مبینہ واقعے میں مشتعل افراد نے گزشتہ روز گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکانات، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔

مزید پڑھیں:  سوات، صوبہ بھر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگ خوراک کی کمی کا شکار