پشاور میں کہرام پورا شہر سوگوار

گلی گلی سے جنازے اٹھنے پر پشاور میں کہرام، پورا شہر سوگوار

دھماکہ کے بعد پشاور شہر ایک مرتبہ پھر سے سوگ میں ڈوب گیا ہے اندرون شہر مختلف علاقوں میں انتقال پر ملال کے چارٹ لگادئیے گئے جبکہ ہسپتالوں میں بھی رقت آمیز نظارے دیکھنے کو ملے، سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کے دوران بھی ہوش کھونے والے واقعات رونما ہوئے جس نے شہریوں کو رنجیدہ کردیا ہے گزشتہ روز کوچہ رسالدار میں دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں سے تھا ہسپتالوں سے لاشیں پہنچنے کے بعد مختلف گلی محلوں اور بازاروں میں نمازجنازہ کے اوقات کیلئے چارٹ آویزاں کردئیے گئے ہیں.

مزید پڑھیں:  بالاکوٹ اور وادی کاغان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع

بیشتر گھروں میں سے ایک سے زائد جنازے اٹھنے پر ماحول مزید افسردہ ہوگیا قبل ازیں بم دھماکے کی اطلاع پر سینکڑوں کی تعداد میں شہری اپنے پیاروں کی تلاش میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچ گئے اور ایمرجنسی میں لاشوں پر ماتم کیا ۔ رات گئے کوہاٹی چوک میں جاں بحق ہونے والے افراد کی اجتماعی نما زجنازہ ادا کی گئی جبکہ کسی اور ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے اس سانحہ کے خلاف متاثرہ خاندانوں میں اشتعال بھی پھیل گیا اور پولیس کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، شیر افضل مروت