فوادچوہدری

ہمارے ارکان کو40 کروڑ روپے کی آفر دی جارہی ہے،فوادچوہدری

اسلام آباد: (مشرق نیوز) رہنما پی ٹی آئی فوادچوہدری نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل ہمارے ارکان کو40،40 کروڑ روپے دے کر خریدا جارہا ہے۔ رحیم یارخان سے ہمارا ایم پی اے مسعود مجید 40 کروڑ لیکر ترکی پہنچ گیا ہے، اس کے پیچھے آصف علی زرداری ہے۔
فوادچوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تخت لاہورپرتحریک انصاف کا حق ہے۔ پنجاب کے عوام نے ضمنی الیکشن میں اپنا فیصلہ سنادیا ہے، پنجاب میں حکومتی اتحاد کو عبرتناک شکست ہوئی۔ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے ہمارے پاس188 ارکان ہیں۔ ہمارے نمبرز پورے ہیں، پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائیں گے۔ عدالت نے راولپنڈی کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے اِس کے ساتھ ساتھ مظفرگڑھ کی نشست سے متعلق بھی ہم نے درخواست دی ہے۔ اُمید ہے پی ٹی آئی کی نشستیں15 سے بڑھ کر17 ہوجائیں گی۔
فوادچوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل ہارس ٹریڈنگ شروع ہوگئی ہے۔ ہمارے ارکان کو40،40 کروڑ روپے دے کر خریدا جارہا ہے۔ رحیم یارخان سے ہمارا ایم پی اے 40 کروڑ لیکر ترکی پہنچ گئے ہیں۔ آصف زرداری ارکان کو خریدنے کا کاروبار کررہے ہیں، یہ زرداری کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا پیسہ ہے۔ عطا تارڑ فون کرکے ہمارے ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے کہا5 لوگ اِدھر اُدھر ہوسکتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں نالے کھولنے کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں اور 40 کروڑسے ایم پی اے خرید رہے ہیں، ہمیں توچیف الیکشن کمشنرسے کوئی امید نہیں جس میں کوئی شرم اور حیا نہیں، سینیٹ میں خریدوفروخت پر الیکشن کمیشن نے بے شرمی کا مظاہرہ کیا، اگرہم نے ایسی سیاست کو نہ توڑا تو پاکستان میں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، سوزوکی کھائی میں جا گری، دو افراد جاں بحق، 10 زخمی